کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے شہر کراچی میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور انسانیت کی خدمت پر ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر امیر احمد شیخ اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کو حسن کا رکردگی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
کمشنر آفس کراچی میں منعقدہ تقریب میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر امیر احمد شیخ اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کو ایوارڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی میں قیام امن اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ بے حد ضروری ہے انہوں نے ڈاکٹر امیر احمد شیخ اور قرة العین میمن کی اس حوالے سے خدمات پر تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دونوں افسران انتہائی قابل ،دیانتدار اور محنتی اور دوسرے افسران کے لئے قابل تقلید ہیں۔
کمشنر کراچی نے شہر کے تمام سرکاری اداروں کے افسران سے کہاکہ وہ فروغ علم کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے حوالے سے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں اس موقع پر انہوں نے کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان کو صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور اس حوالے سے خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ آفزائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
تقسیم ایوارڈ کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ویسٹ سید محمد علی شاہ ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ روبینہ آصف معروف قانون داں بیرسٹر سمیر شیخ ، ڈائریکٹر کونسل بلدیہ کورنگی ارشاد احمد آرائیں ،ڈائریکٹر جنرل ایڈمن بلدیہ کورنگی آفتاب سومرو ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن بلدیہ کورنگی محمد ارشد ،جنرل سیکریٹری کراچی ڈویژن شوٹنگ بال ایسوسی ایشن محمد اجمل ،سیکریٹری سائوتھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن محمد منشاء ،پبلک ریلیشن آفیسر نیشنل بنک عظمت اللہ خان ،عارف ایڈوکیٹ ،اعجاز احمد ،محمد اسماعیل اور دیگر موجود تھے۔