کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پْرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے،، فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں دو سگے بھائیوں اور مسجد کے پیش امام سمیت 7 افراد کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن بلاک ایل میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد شدید زخمی ہوئے ، جنھیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے، مقتولین کی شناخت امان اللہ قادری اور امین اللہ قادری کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان سنی تحریک نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کا تعلق سنی تحریک سے تھا، سنی تحریک کے رہنما ثروت اعجاز قادری نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اورنگی ٹاؤن ہی کے علاقے خیر آباد میں چھریوں کے وار سے ایک شخص ہلاک ہوا، مقتول کی شناخت قاری برکت کے نام سے ہوئی جو مقامی مسجد میں پیش امام تھا، گلبہار کے علاقے سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں، اورنگی ٹاؤن نمبر 10 سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے
اْدھر لیاری کے علاقے بہار کالونی میں فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی، پولیس کے مطابق خاتون کی عمر 18 سے 22 سال کے درمیان ہے،،جس کی شناخت نہیں ہوسکی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پیر کے روز بھی مختلف واقعات میں 9 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔