کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گاڑی سے تین افراد کی بوری بند لاشیں ملیں جبکہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں باپ اور دو بیٹوں سمیت نو افراد جاں بحق ہوئے، فرئیر میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گیارہ ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ کراچی میں قتل و غارتگری اور پرتشدد واقعات ایک مرتبہ پھر شروع ہو گئے،لیاری کے علاقے چاکیواڑہ نمبر دو جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے تین افراد دم توڑ گئے۔
مرنے والوں میں شکور اور اس کے دو بیٹے عابد اور زاہد شامل ہیں، ماڑی پور پرانے ٹرک اڈے کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔ جامعہ کراچی کے قریب یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ سے چالیس سالہ سلیم قتل کر دیا گیا۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک سترہ میں ایک گاڑی سے تین افراد کی بوری بند لاشیں ملیں جنہیں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابھی تک مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی نجی کمپنی کی ملکیت ہے اور تینوں افراد کو شدید تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔
پیرآباد کے علاقے میٹروویل میں مزار کے قریب ٹیکسی پر فائرنگ سے یاسر نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ دوسری جانب پولیس نے فیریئر کے علاقے جمہوریا کالونی میں سرچ آپریشن کر کے سٹریٹ کرائمز، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث گیارہ ملزموں کو گرفتار کر لیا، گرفتار افراد میں سے چھ ملزم پولیس کو مختلف وارداتوں میں مطلوب تھے۔