کراچی : فائرنگ اور پرتشدد واقعات، 10 افراد جاں بحق، 2 زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 10 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ ایس ایس پی سٹی طارق دھاریجو کے مطابق بہار کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک 2 زخمی ہوئے ہیں، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے متاثرہ علاقے میں پہنچ گئے۔

جبکہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں شدید کشیدگی اور کریکر حملے کی اطلاعات ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق لیاقت آباد نمبر 4 میں فائرنگ سے جماعت اسلامی کے سابق یوسی نائب ناظم ظفر اقبال جاں بحق ہوگئے۔ جنرل سیکریٹری جماعت کراچی نسیم صدیقی کے مطابق دہشتگردوں نے ظفر اقبال کو ان کی فرنیچر مارکیٹ کی دکان میں گھس کر نشانہ بنایا۔

شاہ فیصل کالونی ملیر ندی اور گلشن معمار افغان بستی کے قریب میں 2 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ کیماڑی گلشن سکندر آباد میں ایک خواجہ سرا کو قتل کیا گیا۔ دوسری جانب صبح سویرے لی مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

رات گئے گلستان جوہرمیں جوہر کمپلیکس کے قریب جبکہ قصبہ کا لونی میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، بلدیہ ٹاون میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے رانا نامی شخص کوقتل کر دیا۔ کٹی پہاڑی میں فائرنگ سے 40 سالہ جلاد خان ہلاک ہوگیا۔