کراچی (جیوڈیسک) کراچی گلشن اقبال میں واقع شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گلشن اقبال میں ڈالمیا روڈ پر واقع شاپنگ سینٹرمیں جوتوں کے گودام میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی اور دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے باعث پیدا ہونے والے دھویں سے کئی خواتین اور بچے بے ہوش ہوگئے تاہم امدادی ٹیموں اور فائربریگیڈ کے عملے نے بروقت پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔ فائر بریگیڈ کے چار ٹینڈر ز نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔
فائر بریگیڈ کا عملہ کافی جدوجہد کے بعد آگ بجھانے میں کامیاب ہو گیا تاہم شاپنگ سینٹر میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں، خواتین بچوں اور دیگر افراد بڑی تعداد میں عمارت کی بالائی منزلوں پر پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے کرین طلب کرلی گئی۔ دوسری جانب رش ہونے کی وجہ سے کچھ افراد نے مارکیٹ میں لوٹ مار کرنے کی بھی کوشش کی جس کے بعد پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
اس کے بعد شاپنگ سینٹر کے دکانداروں اور عملے کے ارکان ہاتھوں سے زنجیر بنا کر لوگوں کو دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اقبال محمد علی بھی متاثرہ شاپنگ سینٹر پہنچ گئے جنہوں نے ریسیکو کی کارروائی کا جائزہ لیا۔ آگ لگنے کی وجہ اور اس کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا فی الحال اندازہ نہیں لگایا جا سکاہے۔