کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں آج بارش کا امکان

Weather

Weather

کراچی (جیوڈیسک) کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں آج بھی بارش کاامکان ہے اور اسلام آبادمیں شدیدبارش کےسبب موسم سہاناہوگیا ہےجبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی موسم خوشگوار ہوگیا۔ سندھ کے شہروں میں کالے بادل برس ہی گئے، حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان میں گذشتہ رات سے ہی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ابر کرم برستے ہی موسم دلفریب ہو گیا۔ نواب شاہ، ٹھٹھہ اور دادو میں بارش نے لوگوں کے دل بھی ٹھنڈے کر دیئے، کراچی کا موسم بھی بہت سہانا رہا۔

بوندا باندی ، ابر آلود موسم اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو شاندار بنائے رکھا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں موسم ابر آلود رہا، جبکہ سوات میں بادل جم کے برسے جس نے فضا مزیدنکھر گئی۔

دوسری جانب بلوچستان کے شہری ابھی مون سون کی بارشوں کے انتظار میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے اور ہفتے کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں مون سون بارشوں کا امکان ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، ہزارہ، پنجاب، خیبر پختونخوا، میرپور خاص، حیدرآباد، کراچی، سکھر، کوہاٹ اور گلگت بلتستان کے چندمقامات پر بارش کا امکان ہے آج سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔