کراچی (جیوڈیسک) ایئر پورٹ پر حملے کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت حساس مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ آئی جی سندھ اقبال محمود کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس ریڈ الرٹ جاری کر کے حساس مقامات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ آئی جی سندھ کے مطابق حساس مقامات اور اہم عمارتوں کے لیے پلان تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر حساس مقامات پر کمانڈوز تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ مساجد، امام بار گاہوں ،شاپنگ سینٹرز اور دیگر مقامات پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
آئی جی سندھ اقبال محمود کا کہنا تھا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے جبکہ سینٹرل جیل کی سکیورٹی کو بھی مزید بہتر بنانے پر غور کیا جارہا ہے دوسری جانب کمشنر کراچی ایڈمنسٹریٹر اور آئی جی جیل خانہ جات نے سنٹرل جیل کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نے جیل حکام کو سکیورٹی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات دیں۔
واضح رہے کہ 8 جون کو کراچی ایئرپورٹ پر ہونےوالے حملے کے بعد آج پھر دہشت گردوں کی جانب سے اے ایس ایف کے کیمپ پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔