کراچی (جیوڈیسک) جمعرات سے اتوار کے دوران زیریں سندھ اور صوبے کے جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس ہفتے زیریں سندھ میں پوسٹ مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ جمعرات سے اتوار کے دوران زیریں سندھ میں میر پور خاص، حیدرآباد، کرا چی میں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے اس دوران جنوب مشرقی ساحلی علاقوں خصوصا ٹھٹھہ اور بدین کے اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
ماہی گیر خصوصا چھوٹی کشتی والوں کے لئے اطلاع ہے کہ جمعرات سے ہفتہ کے دوران خصوصا ضلع ٹھٹھہ سے ملحقہ ساحلی علاقوں میں کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔جمعہ سے اتوار کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم حیدر آباد، میر پور خاص، بہاولپور، راولپنڈی، اسلام آباد، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔