کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سائٹ کے علاقے فرنٹیئر موڑ کے قریب 3 کلو گرام پارسل بم برآمد ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو ناکارہ بنادیا۔
پولیس کے مطابق سائٹ ایریا کے علاقے فرنٹیئر موڑ کے قریب نا معلوم افراد نے مقامی تاجر کے گھر کے باہر ہوائی فائرنگ کی اور گھر کے باہر پارسل بم رکھ کر فرار ہو گئے۔
فائرنگ کی آواز سن کر پولیس علاقے میں پہنچی توعلاقہ مکینوں نے پولیس کو پارسل بم کی نشاندہی کی ، جس پر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔
جس نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنادیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم 3 کلو گرام وزنی تھا جسے کھانے کے برتن میں بنایا گیا تھا، بم کے ساتھ آئی ای ڈی نصب تھی۔