کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم نے کراچی میں سی پیک اسپیشل اکنامک زون قائم کرنے اور سی پیک منصوبوں سے وابستہ افراد کے لیے الگ ویزا کیٹیگری قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے زیرِ صدارت سی پیک منصوبوں پر پیش رفت جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل اور ان کے فوری حل اور سی پیک منصوبے سے وابستہ افراد کے لیے علیحدہ کیٹگری متعارف کرانے پر غور کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے وزارتِ داخلہ کو اس حوالے سے کابینہ میں سمری پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوران اجلاس سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے گرین چینل قائم کرنے اور چینی سرمایہ کاروں کو دی جانے والے مراعات کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پردور کیا جائے، سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ مراعات دی جائیں، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مفصل پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے، سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ مراعات فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کی دنیا میں مثال نہیں ملتی ان تعلقات کو مضبوط اقتصادی تعلقات میں بدلنے کے لیے ضروری ہے باہمی مفاد کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے، سی پیک پاکستان کے لیے اقتصادی ترقی کی نوید ہے، پورے خطے کی ترقی کا راستہ سی پیک سے ہو کر گزرتا ہے۔