کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ایس ایس پی چودھری اسلم اور ان کے محافظوں کامران خان اور فرحان جونیجو کا چہلم ہوا، جس میں اویس مظفر اور پولیس کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔
9جنوری کو لیاری ایکسپریس وے پر عیسیٰ نگری کے قریب دھماکے میں سی آئی ڈی کے شہید ایس ایس پی چودھری اسلم کے چہلم میں پیپلز پارٹی کے رہنما اویس مظفر، آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جی سی آئی ڈی سمیت پولیس اہلکاروں اور ان کے دوست احباب نے شرکت کی۔
اس موقع پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شہیدکی مغفرت اور کراچی سمیت پاکستان بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔ ڈی آئی جی سی آئی ڈی ظفر عباس بخاری کا کہنا تھا کہ حملے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ چودھری اسلم کے چہلم پر ساتھی اہلکار ان کے ساتھ گزارے گئے دن یاد کر تے رہے جس پر بعض آنکھیں نم ہو گئیں۔
اس موقع پر ان کے ساتھی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ چودھری اسلم کی شہادت کے بعد ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ بڑھے ہیں اور وہ ان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ چودھری اسلم کے ساتھ شہید ہونے والے کامران خان کا چہلم قیوم آباد جبکہ فرحان جونیجو کا چہلم نیو کراچی میں واقع ان کی رہائشگاہ پر کیا گیا۔