کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکسچینج کی تجارتی سرگرمیوں میں کے الیکٹرک کے حصص کی شیئرز دوبارہ فروخت کرنے کی اطلاعات نے جان ڈال دی اور پیر معمولی نوعیت کی تیزی رونما ہوئی۔
تیزی کے باعث انڈیکس کی34700 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی جبکہ 49.23 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں اور حصص کی مالیت میں بھی1 ارب44 کروڑ92 لاکھ75 ہزار291 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پیر کو ابتدائی اوقات سے ہی کیپٹل مارکیٹ میں محدود پیمانے پر سرگرمیاں دیکھنے میں آئی تاہم کے الیکٹرک کے حصص میں غیرمتوقع طور خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہوا اور مجموعی کاروباری حجم میں صرف کے الیکٹرک کے شیئرز کا حصہ 2 کروڑ25 لاکھ شیئرز ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے علاوہ سیمنٹ اور فرٹیلائزر سیکٹرمیں بھی خریداری سرگرمیاں نمایاں رہیں، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر1 کروڑ18 لاکھ72 ہزار82 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے ایک موقع پر16.23 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے78 لاکھ 33 ہزار 217 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے67 لاکھ49 ہزار 736 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے14 لاکھ89 ہزار 434 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے33 لاکھ68 ہزار435 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں مارکیٹ میں تیزی رونما ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 59 پوائنٹس کے اضافے سے 34710.29 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایس ای30 انڈیکس 79.77 پوائنٹس کی کمی سے21798.96 اور کے ایم آئی30 انڈیکس145.05 پوائنٹس کی کمی سے58585.27 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت31.51 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 56 کروڑ80 لاکھ75 ہزار350 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار392 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں193 کے بھائو میں اضافہ، 175 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔