کراچی (جیوڈیسک)کراچی گوادر پورٹ کو چین کے حوالے کرنے سمیت پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں پینتالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے تاریخی معاہدے کی خبروں سے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی اور مارکیٹ تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔
کراچی میں کشیدہ صورتحال کے باوجود پیر کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ابتدائی گھنٹے میں دبا کا شکار رہنے کے بعد فارن فنڈز کی خریداری نے مارکیٹ میں تیزی کی بنیاد رکھی اور رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ،،ٹیلی کام اور سیمنٹ سیکٹرز کی کمپنیوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی نمایاں رہی۔
ایک موقع پر ایک سو سترہ پوائنٹس کی تیزی سے مارکیٹ پہلی بار 17900 پوائنٹس کی نفیساتی حد بھی عبور کرگئی تاہم پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس 68 پوائنٹس کے حتمی اضافے سے تاریخ کی نئی بلندترین سطح سترہ ہزار آٹھ سو چھیاسٹھ پوائنٹس پر بند ہوا۔ پیرکو مارکیٹ میں تین سو ملین سے زائد شئیرز کا نمایاں کاروبار ریکارڈ کیا گیا۔