کراچی (جیوڈیسک) غیر ملکیوں کی پٹرولیم سیکٹر کی کمپنیوں میں خریداری دلچسپی کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 29700 کی حد بھی بحال ہوگئی۔
تیزی کے سبب 49.17 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 14 ارب 90 کروڑ 17 لاکھ 23 ہزار68 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی وجہ سے مارکیٹ میں حاضری کم رہی جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی انتہائی کم رہی لیکن غیر ملکیوں نے مخصوص شعبوں میں خریداری سرگرمیاں برقرار رکھیں جس کی وجہ سے مارکیٹ کا مورال بلند رہا اور محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی۔
ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 48 لاکھ 93 ہزار 374 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے ایک موقع پر 105 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیر ملکیوں کی جانب سے 48 لاکھ 93 ہزار 373 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مندی کو تیزی میں تبدیل کر دیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 49.05 پوائنٹس کے اضافے سے 29701.58 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 53.13 پوائنٹس کے اضافے سے 20469.08 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 173.25 پوائنٹس اضافے سے 47859.80 ہوگیا۔
کاروباری حجم پیر کی نسبت 42.05 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 9 کروڑ 7 لاکھ 27 ہزار 490 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 303 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں 149 کے بھاؤ میں اضافہ، 127 کے دام میں کمی اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سروس انڈسٹری کے بھاؤ 24.75 روپے بڑھ کر 519.75 اور مچلز فروٹ کے بھاؤ 22.67 روپے بڑھ کر 682.67 روپے ہو گئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ 199.99 روپے کم ہوکر 11600 روپے اور سینوفی ایونٹیز کے بھاؤ 34 روپے کم ہوکر 900 روپے ہوگئے۔