کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 29 ہزار 500 کی نفسیاتی حد بحال

Karachi Stock Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) شہر کی معمولات زندگی بحال ہونے اور انسٹی ٹیوشنل سپورٹ کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو ایک بار پھر تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی 29500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔

تیزی کے سبب 40.22 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 35 ارب 97 کروڑ 12 لاکھ 49 ہزار 161 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ اعلان کردہ وفاقی بجٹ کے کیپیٹل مارکیٹ پر کوئی مثبت اثرات تاحال مرتب نہ ہوسکے ہیں کیونکہ سرمایہ کار بونس شیئرپر ٹیکس عائد ہونے اور کیپیٹل گینزٹیکس کے مختلف سلیبز متعارف کرائے جانے سے مطمئن نہیں ہیں۔

جمعہ کو ایم سی بی ایل، اوجی ڈی سی ایل سمیت دیگر بلیوچپس میں خریداری سرگرمیوں کی وجہ سے انڈیکس کو سہارا ملا اور مارکیٹ میں تیزی رونما ہوئی جو ایک موقع پر 303.31 پوائنٹس کی تیزی تک پہنچ گئی تھی لیکن بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنزکی جانب سے مجموعی طور پر 1 کروڑ 9 لاکھ 43 ہزار 11 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باجود کاروبارکے تمام دورانیے میں تیزی کا تاثر قائم رہا کیونکہ اس دوران غیر ملکیوں کی جانب سے 90 لاکھ 15 ہزار 427 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے 16 لاکھ 61 ہزار 997 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے 1 لاکھ 80 ہزار 696 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے 87 ہزار 891 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 91.91 پوائنٹس کے اضافے سے 29509.11 اور کے ایس ای 30 انڈیکس 62.23 پوائنٹس کے اضافے سے 20219.78 ہو گیا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس 7.55 پوائنٹس کی کمی سے 47211.90 ہو گیا۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت1 6.12 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 20 کروڑ 82 لاکھ 94 ہزار 110 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 346 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 140 کے بھائو میں اضافہ 180 کے داموں میں کمی اور 26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھائو 200.99 روپے بڑھ کر 4225.99 روپے اور نیسلے پاکستان کے بھائو 140.38 روپے بڑھکر 8329.38 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کے بھائو 77.27 روپے کم ہوکر 3457.19 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھائو 27.75 روپے کم ہوکر 1351 روپے ہوگئے۔