کراچی (جیوڈیسک) ایشیائی مارکیٹوں میں رونما ہونے والی تیزی کے اثرات کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج پربدھ کو بھی مرتب ہوئے اور نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہنے سے انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 27932 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
تیزی کے سبب 59 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 73 ارب 50 کروڑ 64 لاکھ11 ہزار 267 روپے کا اضافہ ہو گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی ملکی تاریخ میں پہلی بار 67.26 کھرب سے تجاوز کر گیا، مارکیٹ میں بدھ کو تیسرے دن بھی غیر ملکیوں کی مختلف شعبوں کے حصص میں خریداری دلچسپی نمایاں رہی جس سے متاثر ہوکر بعض مقامی شعبوں کی جانب سے بھی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھائی گئی جو کیپٹل مارکیٹ میں تیزی کا سبب بنی، ماہرین اسٹاک نے توقع ظاہر کی کہ بہت جلد انڈیکس 28000 پوائنٹس کی نئی تاریخی حد بھی عبور کر لے گا۔
ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 82 لاکھ 73 ہزار 876 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے 80 لاکھ 67 ہزار 881 ڈالر اور بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے 2 لاکھ 5 ہزار 995 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جو مارکیٹ میں نمایاں تیزی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوئی۔