کراچی(جیوڈیسک) موڈیز کی جانب سے پاکستانی معیشت کی بہتر ریٹنگ اور مثبت اقتصادی اشاریوں کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی غیرملکی سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو ایک بار پھر تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس کے باعث ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 29458 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی 70 کھرب 82 ارب 90 کروڑ روپے کی بلند ترین سطح پر آگیا۔
تیزی کے سبب 53.80 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید73 ارب 55 کروڑ 58 لاکھ 53 ہزار 662 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ غیرملکیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے سبب رواں ماہ کے اختتام تک انڈیکس کے 30000 پوائنٹس کی تاریخ ساز حد تک پہنچنے کی توقع ہے کیونکہ غیرملکی سرمایہ کار کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو منافع بخش تصور کررہے ہیں جنہیں دیکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مقامی شعبے بھی مارکیٹ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں اور بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر 77 لاکھ 94 ہزار 495 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ غیرملکیوں کی جانب سے 46 لاکھ 53 ہزار 381 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے 3 لاکھ 18 ہزار 688 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے 2 لاکھ 48 ہزار 182 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے6 لاکھ 12 ہزار 523 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 19 لاکھ 61 ہزار 721 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کی سرگرمیاں بلندیوں کی جانب گامزن رہی۔