کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی مویشی منڈی میں کانگو وائرس سمیت دیگر وبائی امراض کی روک تھام کیلئے تمام حفاظتی اقدامات نظر انداز کر دیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کے باعث متعدد جانور مختلف بیماریوں کا شکار ہوکر مر گئے۔
حکومت کی جانب سے شہر یوں کی سہولت کیلئے شہر کے اندر مویشی منڈیاں قائم کرنے کی اجازت تو دے دی گئی ہے مگر قربانی کے جانوروں کی صحت سے متعلق چیک اپ، وبائی امراض کی روک تھام اور مختلف بیماریوں کا شکار جانوروں کے علاج معالجے کیلئے تمام اقدامات یکسر نظر انداز کر دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے شاہراہ فیصل پر ایف ٹی سی سے متصل مویشی منڈی میں متعدد چھوٹے بڑے جانور مختلف امراض کا شکار ہو کر مر چکے ہیں اور درجنوں بیمار جانوروں کے علاج کیلئے بیوپاری پریشانی کا شکار ہیں۔
مویشی منڈی کے منتظمین کے مطابق تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو صورتحال سے تحریری طور پر آگاہ کرنے کے باوجود بھی حکومتی سطح پر کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا ہے۔ اس مویشی منڈی میں میٹھے پانی کے بحران کی وجہ سے بھی بیوپاری مشکلات کا شکار ہیں اور نہ کسی حادثے سے نمٹنے کیلئے فائر بریگیڈ یا ایمبولیس کو تعنیات کیا گیا ہے۔