کراچی سٹاک مارکیٹ ہفتہ کے دوران سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 17 ارب روپے اضافہ

Karachi Stock Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) کراچی سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران تیزی پر کے ایس ای 100 انڈیکس 863.88 پوائنٹس اضافے پر چار نفسیاتی حدیں عبور کر کے دوبارہ 33234.73 کی ریکارڈ حد پر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ ہفتے چینی صدرکے دورہ پاکستان سے وابستہ توقعات‘ پاکستان کے مختلف شعبوں میں 46 ارب ڈالر کی چین کی متوقع سرمایہ کاری معاہدہ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 863.88 پوائنٹس اضافے پر 33234.73 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ بازار حصص کے ماہرین کے مطابق نئی مانیٹری پالیسی کی شرح سود میں کمی کے امکانات اور دیگر مثبت اطلاعات کے پیش نظر تمام سیکٹروں میں بھاری خریداری کرکے کاروبار کا مورال بلند کردیا۔

ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کی 2 کروڑ 14 لاکھ 57 ہزار 57 ڈالر مالیت کے سرمایہ کا انخلا کیا گیا لیکن اس کے باوجود بینکوں کی ایک کروڑ 19 لاکھ 90 ہزار 60 ڈالر‘ میوچل فنڈز 90 کروڑ 78 لاکھ ڈالر اور اوپن ایف سیز کی 24 لاکھ 66 ہزار 19 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری آنے پر مارکیٹ مالیت میں ایک کھرب 17 ارب 14 کروڑ 30 لاکھ 9 ہزار 320 روپے کا اضافہ ہوا اور مجموعی سرمایہ کاری مالیت ہفتے کے دوران مزید بڑھ کر 72 کھرب 36 ارب 3 کروڑ 84 لاکھ 7 ہزار 875 روپے ہو گئی۔

ہفتے کے دوران مجموعی سودوں میں ایک ارب 48 کروڑ 23 ہزار 310 حصص کے زائد سودوں میں کاروبار رہا جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں زائد ہے۔ بازار حصص کے ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتے نہ صرف چینی صدر کے دورہ پاکستان میں پاکستان کے مختلف شعبوں میں خاصی سرمایہ کے امکانی امکانات متوقع ہیں بلکہ اس سے انڈیکس بھی 35000 کی بلند ترین سطح پر پہنچے گا۔