کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری کے باعث زبردست تیزی کا سلسلہ دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 381 پوائنٹس کے نمایاں اضافے سے بیک وقت 4 حدیں عبور کرتے ہوئے 31680 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 288 پوائنٹس اضافے سے 20636 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 247 پوائنٹس بڑھ کر 22940 پر بند ہوا۔
تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 77 ارب 69 کروڑ روپے اضافے سے 72 کھرب 24 ارب روپے پر جا پہنچا، کاروباری حجم میں 1 کروڑ 38 لاکھ سے زائد حصص (4 فیصد) کا اضافہ ہوا جس کے بعد کاروباری حجم 32 کروڑ سے بلند ہو کر 33 کروڑ 78 لاکھ حصص کی سطح پر جا پہنچا، ٹریڈنگ کے دوران آئل اینڈ گیس انڈیکس میں 428 جبکہ بینکنگ انڈیکس میں 271 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
منگل کو 397 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 258 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 125 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 14 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے پرامن اختتام اور پاکستانی سکوک بانڈز کی سرمایہ کاروں میں بھرپور پذیرائی کے باعث مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار مارکیٹ میں اطمینان کے ساتھ سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔