کراچی اسٹاک مارکیٹ اوپر کی طرف 314 پوائنٹس کا اضافہ

Karachi Stock Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی سے ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 97 روپے 85 پیسے کی سطح پر دیکھا گیا۔ دوسری جانب کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی 300 سے زائد پوائنٹس کی تیزی دیکھی جارہی ہے۔ فاریکس مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی کاسلسلہ آج بھی جاری رہا اور یہ ٹریڈنگ کے دوران 13 پیسے سستا ہو کر 97 روپے 85 پیسے کی سطح پر آگیا۔ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز امریکی کرنسی 98 روپے کی سطح سے بھی نیچے آنے کے بعد آج ایکسپورٹرز نے بھی ڈالر تڑوانے شروع کردیے جس کی وجہ سے روپیہ مستحکم ہوا۔

اس کے علاوہ آج شیئر بازار میں بھی سرمایاکار سرگرم نظر آ رہے ہیں اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 27 ہزار 100 پوائنٹس کی سطح سے بھی تجاوز کر گیا۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب کے پاکستان کو ملنے والی ڈیڑ ارب ڈالر کی رقم کو ترقیاتی کا موں پر خرچ کیے جانے کے حکومتی فیصلے اور طالبان سے بات چیت میں اچھی پیش رفت سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے بیان سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔