کراچی (جیوڈیسک) سرمایہ کاروں کم دلچسپی اور عیدالاضحی کی تعطیلات کے سبب کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی کاروباری سرگرمیاں انتہائی محدود رہیں اور غیرملکیوں سمیت کچھ مقامی شعبوں کی فروخت بڑھنے سے مارکیٹ مندی کے زیراثر رہی۔ مندی کے باعث 45.45 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے3 ارب24 کروڑ81 لاکھ59 ہزار539 روپے ڈوب گئے۔
محدود سرگرمیوں کی وجہ سے کاروباری حجم بدھ کو بھی محدود رہا جومنگل کی نسبت5 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ2 لاکھ28 ہزار40 حصص کے سودے ہوئے۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر صرف1.52 پوائنٹس کی تیزی رونما ہوئی لیکن فروخت کا رحجان غالب ہونے کے سبب مارکیٹ میں مزید تیزی رونما نہ ہوسکی بلکہ مندی کے اثرات غالب ہوئے۔
ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں اور مقامی کمپنیوں کی جانب سے مجموعی طورپر75 لاکھ89 ہزار251 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ اس دوران بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے1 لاکھ62 ہزار985 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے4 لاکھ96 ہزار405 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے5 لاکھ84 ہزار501 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 46 لاکھ56 ہزار185 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے11 لاکھ14 ہزار664 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔