کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 5 بالائی حدوںسے نیچے گر گیا تاہم انڈیکس 33 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر برقرار دیکھا گیا۔
بازار حصص کی سرگرمیاں ماند پڑنے اور کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کے120ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم 73کھرب روپے کی سطح سے گھٹ کر 71کھرب روپے رہ گیا۔
کراچی اسٹاک مارکیٹ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی کریش ہو گئی اور 100 انڈیکس 1 ہزار سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا۔ ماہرین کے مطابق ایس ای سی پی کی جانب سے کمیٹی کے قیام کی افواہوں پر سرمایہ کاروں تذبذب کا شکار دیکھے گئے۔
جبکہ ملک میں جاری سیاسی بے چینی اور ائندہ بجٹ میں کیپیٹل گین ٹیکس میں ڈھائی فیصد اضافے کی اطلاعات پر مارکیٹ کاروباری ہفتے کے 5روز میں سے 3دن مارکیٹ مندی سے دوچار رہی جس کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1024 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔