کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں امن کی بحالی کیلئے وزیراعظم نواز شریف کی کراچی آمد کا سرمایہ کاروں نے خیر مقدم کیا ہے جس کا پہلا براہ راست اثر کراچی اسٹاک مارکیٹ میں دیکھنے میں آیا جو کئی روزبعد مندی کے بحران سے نکل آئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بدھ کو آئی ایم ایف کے بورڈ اجلاس میں پاکستان کیلئے نئے قرض پروگرام کی متوقع منظوری بھی سرمایہ کاروں کیمارکیٹ میں دوبارہ سرگرم ہونے کی وجہ بنی۔
منگل کو ابتدائی چند منٹ کی مندی کے بعد تمام دن مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ آئل اینڈ گیس، بینکنگ اور سیمنٹ کیا سٹاکس کی منافع بخش قیمتوں کو دیکھتے ہوئی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نئی خریداری کی۔
ایک موقع پر مارکیٹ میں ساڑھے تین سو پوائنٹس کا اضافہ اور انڈیکس میں بائیس ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوتے دیکھی گئی۔۔ تاہم آخری دو گھنٹوں میں پرافٹ ٹیکنگ کا دبا آنے سے کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس میں اضافہ چوراسی پوائنٹس تک محدود رہا جو 21808 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔