کراچی (جیوڈیسک) سال 2013 کراچی اسٹاک مارکیٹ کیلئے انتہائی خوش آئند ثابت ہوا، ایک سال کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں ساڑھے آٹھ ہزار پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، سرمایہ کاروں نے اگلے سال سے بھی مثبت توقعات لگالی ہیں۔ سال 2013 میں کے ایس ای 100 انڈیکس نے اپنے سفر کا آغاز تقریبا 16 ہزار 800 پوائنٹس سے کیا تھا، اب جبکہ سال اپنے اختتام کے قریب ہے، انڈیکس میں ساڑھے آٹھ ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے۔
اس طرح کراچی کا حصص بازار دنیا میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ایکس چینجز میں سے ایک رہا۔ ملک میں عام انتخابات کے نتیجے میں اقتدار کی پرسکون منتقلی اور موجودہ حکومت سے سرمایہ کاروں کی توقعات کے باعث ایکس چینج میں مثبت رجحان برقرار رہا۔
سرمایہ کار امید کررہے ہیں کہ سال 2014 میں شیئرز مارکیٹ کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ تجزیہ کار کہتے ہیں کہ اگلے سال بھی اسٹاک ایکس چینج میں بہتر ی کیلئے امن و امان کی صورت حال میں بہتر ی اور توانائی بحران کی شدت میں کمی ناگزیر ہے۔
اس کے علاوہ نجکاری سمیت معاشی ترقی کے دیگر معاملات میں پیش رفت سے بھی ایکس چینج پر مثبت اثر ہوسکتا ہے۔