کراچی میں کشیدگی، کاروبار بند، یومیہ ڈھائی ارب روپے کا نقصان

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں کشیدگی کے باعث کاروباری مراکز بند ہوگئے ہیں، شہر میں ایک روز تجارتی مراکز بند ہونے سے تقریبا ڈھائی ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ کراچی میں سیاسی جماعت کے رہنما کی گرفتاری کے بعد آج صج سے ہی شہر میں امن امان کی صورتحال کشیدہ رہی۔ نامعلوم افراد نے شہر کے بیشتر پٹرول اور سی این جی اسٹیشنز بند کرادیئے جبکہ کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔

بینکوں اور دفاتر میں بھی حاضری معمول سے کم ہے جس سے کاروباری عمل متاثر ہورہا ہے۔ شہر میں کاروباری مراکز کی بندش سے یومیہ ڈھائی ارب روپے اور پیداوری عمل کو آٹھ سے 10 ارب روپے کا خسارہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی کی دو بندرگاہوں سے روزانہ لگ بھگ دس ہزار کنٹینرز مال لے کر شہر اور اندرون ملک نقل و حمل کرتے ہیں، ٹرانسپورٹ کی بندش سے مال کی ترسیل بھی بند ہے۔

دوسری جانب روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدوروں کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ شہر میں ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے جس سے مختلف فیکٹریوں میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ فیکٹریوں میں تیار مال کی سپلائی کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑگیا ہے جس سے برآمدی آرڈرز متاثر ہونے کا خدشہ ہے جو کہ ملکی تجارت کے لئے کوئی اچھا شگون نہیں۔