کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں اہل سنت والجماعت کا دھرنا انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا ہے۔ علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ گرفتار کارکنوں کی رہائی اور دیگر مطالبات پر آج سندھ حکومت سے بات کریں گے۔ تحفظات دور نہ ہوئے تو اتوار کو پھر دھرنا دیں گے۔
اہلسنت والجماعت کے کارکنوں کی گرفتاریوں ، ماورائے عدالت قتل اور لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کے لیے گرومندر چورنگی پراہلسنت والجماعت کے تحت احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ کارکنان کی بڑی تعداد نے دھرنے میں شرکت کی۔انہوں نے لاپتہ اور ماروائے عدالت قتل کیے گئے کارکنوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی سمیع صدیقی اہلسنت والجماعت کے رہنماؤں سے مذاکرات کے لیے گرومندر پہنچے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد اہلسنت والجماعت کے رہنماؤں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھاکہ گرفتار کارکنوں کی رہائی اور دیگر مطالبات کے لیے آج سندھ حکومت سے بات کی جائے گی۔ تحفظات دور نہ کئے گئے تو اتوار کو پھر دھرنا دیں گے۔