کراچی (جیوڈیسک) افضل ندیم ڈوگر کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون سے بلوچستان کے لاپتہ مزید دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں پھندا لگا کر ہلاک کیا گیا۔ گزشتہ 6 ماہ کے دوران اس علاقے سے ملنے والی بلوچستان کے لاپتہ افراد کی لاشوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق آج صبح سرجانی ٹاون تھانے کی حدود میں حب ڈیم روڈ پر حمید نواز فارم کے قریب سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں پھانسی دے کر ہلاک کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لاشوں کی شناخت ان کے ساتھ ملنے والی پرچیوں سے حاجی رزاق ولد رسول بخش (35 سالہ) اور پٹھان ولد رحیم بخش(40سالہ) کے نام سے ہوئی ہے۔
مقتولین سکھر کالونی حب بلوچستان کے رہائش تھے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان سے چند ماہ قبل سے لاپتہ افراد کی فہرست میں ان دونوں افراد کے نام شامل ہیں جبکہ مقتول حاجی رزاق ولد رسول بخش کراچی سے شائع ہونے والے بلوچستان کے شہر مستونگ کے بلوچی اخبار کا سینئر سب ایڈیٹر تھا جو لیاری کا رہائشی تھا اور 24 مارچ 2013 سے لاپتہ تھا۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے لاپتہ افراد کے معاملے پر سپریم کورٹ متعلقہ اداروں سے باز پرس کر چکی ہے۔