کراچی: مشکوک پولیس مقابلے میں ہلاک دونوں افراد کی شناخت ہو گئی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے ہاکس بے میں مشکوک پولیس مقابلے میں ہلاک دونوں افراد کی شناخت ہو گئی ہے، دونوں گلبہار کے رہائشی تھے، ہلاک ہونے و الے محمد مستقیم کے اہلخانہ نے الزام لگایا کہ انھیں کئی روز قبل حراست میں لیے جانے کے بعد جعلی مقابلے میں ہلاک کردیا گیا۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ واقعے کی انکوائری کروارہے ہیں۔ منگل کے روز ہاکس بے کی مشرف کالونی میں مشکوک اور مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی شناخت ہو گئی ہے، ذیشان علی ولد چھوٹو اور محمد مستقیم گلبہار میں لیاقت چوک کے قریب رہائشی تھے۔

محمد مستقیم کے بھائی، بیوی اور بہنوں کے مطابق انھیں کئی روز قبل گھر کے پاس سے مبینہ طور پر حراست میں لیا گیا تھا، اہلخانہ کے مطابق انھیں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ لائٹ نہ ہونے کے باعث گھر کے باہر سڑک پر بیٹھے تھے، اہلخانہ کے مطابق ان کے حراست میں لیے جانے کی اطلاع رضویہ تھانے میں بھی دی گئی تھی تاہم کسی نے کوئی خبر نہ دی اور منگل کی صبح انھیں ڈاکو قرار دے کر ہلاک کردیا گیا۔

گزشتہ روز پولیس نے دعوی کیا تھا کہ ہاکس بے کی مشرف کالونی میں مقابلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہو گئے تھے جن کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور ایک چھینی گئی موٹر سائیکل ملی ہے، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ وہ معاملے کی انکوائری کروا رہے ہیں۔