کراچی (جیوڈیسک) حساس اداروں نے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر کاشف عرف بونا عرف کیکڑا کو حراست میں لے لیا جب کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے 10 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔
حساس اداروں نے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 4 میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم کاشف عرف کیکڑا کو حراست میں لیتے ہوئے اس کے قبضے سے کلاشنکوف اور رپیٹر برآمد کرلی۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران 10 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جب کہ 1996 میں ملزم نے الفلاح کے علاقے میں فائرنگ کرتے ہوئے 3 سگے بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ملزم نے مذہبی سیاسی جماعت کے 3 کارکنوں کو قتل کیا۔
ذرائع کے مطابق رواں سال رینجرز نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد کی تھی تاہم ملزم ضمانت پررہائی پانے کے بعد ایک مرتبہ پھر سماج دشمن کارروائیوں میں سرگرم ہوگیا تھا جب کہ ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔