کراچی (جیوڈیسک) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ زیرو ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال اور بھتے کے معاملے کو بھی کنٹرول کر لیا گیا ہے۔
کراچی میں سی پی اوآفس میں شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ تقریب کے دوران آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے 23 شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین میں فی کس بیس لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔ جبکہ 44 کیسزمیں بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس اہلکاروں میں دو کروڑ روپے کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن او امان کی صورتحال بہترہے، ٹارگٹ کلنگ پربھی قابو پالیا گیا ہے،انھوں نے کہاکہ اندرون سندھ میں بھی اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی آئی جی ہے۔
آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کا کہنا تھا کہ پولیس جو کچھ کررہی ہے وہ عوام کے لیے کررہی ہے اور ہم تھانہ کلچر کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں اس کیلئے اگر کمیونٹی پولسنگ کو اپنانا پڑے تو اپنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کو 31 مارچ سے پنجاب پولیس کے برابر تنخواہیں ملیں گی اور اہلکاروں کو جنوری سے مارچ تک کے بقایا جات بھی ادا کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ پولیس کی ویلفیئر کے لیے حکومت سندھ اور بحریہ ٹائون کے شکر گزار ہیں۔