اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد وفاق المدارس پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں علما و طلبا کی ٹارگٹ کلنگ اور مدارس پر چھاپوں کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مدارس انتہا پسندی کا مرکز نہیں، وہاں قرآن و سنت اور امن کا درس دیا جاتا ہے۔
وفاق المدارس پاکستان کے احتجاجی مظاہرے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف دینی مدارس کے طلبا اور اساتذہ نے شرکت کی۔ وفاق المدارس پاکستان کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا ظہور احمد علوی اور دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ کراچی میں علما و طلبا کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت اور ملزمان کو گرفتار نہ کرنا افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس پر چھاپے مارے اور دینی طلبا پر اعلی تعلیم کے دروازے بند کئے جارہے ہیں۔ جے یو آئی ف کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کا تحفظ سب کی ذمہ داری ہے، علمائے کرام کو ہدف بناکر قتل کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو اپنا تحفظ خود کرنے کے اقدامات کریں گے۔