کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سے متعلق اعداد و شمار انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے، محنتی

Mohammad Hussain

Mohammad Hussain

کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے ہیومن رائٹس کی جانب سے کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے جاری کردہ اعدادو شمار کو حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیا ہے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے الیکشن سے قبل کراچی میں قیام امن کیلئے جو دعوے کئے تھے اب ان پر عمل درآمد کا وقت آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد خان فوری طور پر کراچی کا دورہ کریں اور حالات کا جائزہ لے کر یہاں مستقل بنیادوں پر پائیدار امن کے قیام کیلئے ٹھوس اقدامات کریں، انہوں نے کہاکہ ایچ آر پی سی کی رپورٹ کے مطابق جنوری تا جون صرف چھ ماہ کے قلیل عرصے میں ساڑھے سترہ سو گھروں کے چراغ بجھنا حکومت کے دامن پر بدنما داغ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔