کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، فائرنگ اور لاشیں ملنے کا سلسلہ جا ری ہے، بحریہ اور پولیس اہلکار سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ پانچ افراد کی لاشیں ملی جن کی شناخت نہیں ہو سکی۔ شیرشاہ میں پنکھا ہوٹل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت ستار معشوق کے نام سے ہوئی، ایس ایس پی سٹی ڈویژن شیراز نذیر نے بتایا کہ مقتول پیپلز پارٹی کا کارکن ہے اور اسے ٹارگٹ کیا گیا۔ ڈیفنس میں سن سیٹ بلیوارڈ کے قریب گاڑی پر فائرنگ کر کے پاک بحریہ کے اہلکار فیاض قیوم کو قتل کر دیا گیا، عسکری ذرائع کے مطابق گاڑی میں پاک بحریہ کا اعلی افسر موجود تھے اور ڈکیتی کے دوران مزاحمت کے دوران فائرنگ کر کے ان کے گن مین کو قتل کیا گیا جبکہ ان سے موبائل فون سمیت دیگر قیمتی سامان چھین لیا گیا۔
کورنگی 5 نمبر کے قریب فائرنگ کر کے پولیس اہلکار نوید کو قتل جبکہ ظہیر شاہ کو زخمی کر دیا گیا۔ میمن گوٹھ لنک روڈ سے چار افراد کی ہاتھ پاوں اور آنکھوں پر پٹی بندھی لاشیں ملی جنھیں تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، چاروں مقتولین کے پاس سے نائن ایم ایم اور ٹی ٹی پستول بھی ملے تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی، نیٹی جیٹی پل کے قریب سے بھی سمندر سے کئی روز پرانی نامعلوم شخص کی لاش ملی۔