کراچی (جیوڈیسک) فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں سیاسی جماعت کے کارکن اور خاتون سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے، قیوم آباد کے نزدیک نجی کمپنی کے باہر دیسی ساختہ کریکرز کے دھماکوں اور فائرنگ میں دو سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گئے۔
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ایک کلینک کے قریب فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ مقتولین کی شناخت ڈاکٹر طاہر اور مفتی احمد کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کا ہدف مفتی احمد تھے جو اپنی اہلیہ کے علاج کے لئے کلینک پہنچے تھے۔ مفتی احمد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے لیاقت آباد سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک بند کر دی۔
لانڈھی خرم آباد میں سیاسی جماعت کا کارکن عامر قتل کردیا گیا۔ گلشن معمار میں چاول گودام کے نزدیک فائرنگ سے اے این پی کے سابق عہدے دار دین محمد وزیر جاں بحق اور انکے دو ساتھی منیر اور طارق زخمی ہو گئے۔
جوابی فائرنگ میں دو حملہ آور بھی زخمی ہوئے۔ اورنگی ٹاون ایم پی آر کالونی میں فائرنگ سے چالیس سالہ عبداللہ مارا گیا۔ بلدیہ ٹان میں گھریلو تنازع پر ستائیس سالہ درویش بی بی قتل کر دی گئی۔
قیوم آباد چورنگی کے نزدیک د و موٹر سائیکل سواروں نے دیسی ساختی کریکر پھینکے۔ جوابی فائرنگ اور دھماکوں سے دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ دو گاڑیوں اور چار موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔