کراچی (جیوڈیسک) مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن میں گینگ وار کے 8ملزموں سمیت 57 افراد کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر سمیت 20 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی۔
رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کر کے 29 ملزموں کو گرفتار کیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزموں کے قبضے سے دستی بم اور مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزموں کا تعلق گینگ وار اور سیاسی جماعتوں سے ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق چھاپے لیاقت آباد، بلال کالونی، اورنگی ٹائون، لانڈھی، کورنگی ، پہلوان گوٹھ کے علاقوں میں مارے گئے۔ لیاری میں کشیدہ حالت کے باعث رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے۔ گینگ وار ملزموں کے ٹھکانوں پر چھاپوں کے دوران 8 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزموں کے قبضے سے مختلف نوعیت کے 18ہتھیار برآمد ہوئے۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں کلاشنکوف، رپیڑ، ایس ایم جیز اور پستول شامل ہیں۔ ملزموں سے 10 دستی بم اور بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی گئی۔