اسلام آباد ( جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی خدشات کے باوجود کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کی حامی ہے۔ کامیابی کیلئے کارروائی سے قبل انٹیلی جنس نظام وضع کرنا ہوگا۔ پارلیمنٹ ہاس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن زیادہ مشکل کام نہیں لیکن انٹیلی جنس کا نظام وضع کئے بغیر کارروائی ناکام بھی ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج کی شہر قائد میں آمد اسی کے خلاف جائے گی۔ دیکھا جائے کہ کہیں فوج طلب کرنے کا مطالبہ اس کے کیخلاف کوئی سازش تو نہیں۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم کی نیت پر کوئی شک نہیں۔ حکومت پر تنقید ہوگی لیکن چھڑی اٹھا کر پیچھے نہیں پڑیں گے۔