کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائیوں میں ٹارگٹ کلرز اور لیاری کے گینگسٹرز سمیت 69 ملزمان کو حراست میں لے لیا جبکہ رینجرز اور پولیس سے مقابلے کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔ منگھو پیر میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران رینجرز اور پولیس کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، مقابلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، مرنے والوں دونوں دہشت گردوں کی شناخت شہید اللہ اور خیال بادشاہ کے نام سے ہوئی۔
ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق مرنے والے دونوں دہشت گرد کالعدم تحریک طالبان کے رکن تھے۔ ملزمان کے قبضے سے ایس ایم جی، دستی بم اور بال بم برآمد ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق مرنے والے دہشت گرد کراچی میں فوجی تنصیبات، حساس اداروں کے دفاتر اور سرکاری دفتروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔گڈاپ ٹاون کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے مشترکا آپریشن کیا اور ایک مغوی لڑکے کو بازیاب کرا لیا۔ سہراب گوٹھ میں آپریشن کے دوران 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہیدوسری جانب مختلف علاقوں میں اسنیپ چیکنگ کے دوران 44 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ملزمان میں لیاری کے گینگسٹرز اور ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں۔ رینجرز نے کورنگی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا، ترجمان رینجرزکا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک نے 2011 میں چکرا گوٹھ میں پولیس پر حملے کا اعتراف بھی کیا ہے۔