لاہور (جیوڈیسک) کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماء لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ادارے نوٹس لیں۔ الطاف حسین کا بیان دہشت گردی کا اعتراف ہے۔
فیصل موٹا کی گرفتاری ثابت کرتی ہے کہ کراچی شہر میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنوں، وکلا، ڈاکٹروں، تاجروں اور عام شہریوں کے قاتلوں کے نشانات نائن زیرو تک جاتے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ نائن زیرو سے ملنے والا اسلحہ انتہائی مہلک اور پاکستان میں ممنوع ہے۔ تمام بھاری اسلحہ اور لانگ رینج گنز پر سائلنسر لگے ہوئے تھے۔
نیٹو کے یہ ہتھیار نائن زیرو تک پہنچے کیسے؟۔ تحقیقات کی جائیں کہ سارے سزا یافتہ مجرم ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں کیسے موجود تھے؟۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ نیٹو کا اسلحہ ملنے سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ کراچی کی دہشت گردی میں متحدہ کا ہاتھ ہے۔