کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی نے حلقہ NA-246 میں ضمنی انتخابات کے موقع پر فول پروف سیکورٹی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والی تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان جاری الزامات مہم ‘ فتح کے دعوے اور کارکنان کے درمیان ہونے والے دنگے اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں۔
دوران انتخاب کوئی بڑا واقعہ رونما ہوسکتا ہے جبکہ ایک جماعت پولنگ سے ایک روز قبل زمینی حقائق کا ادراک کرکے صوبائی الیکشن کمیشن پر جانبداری کے الزام کے تحت عدم اعتماد کا مظاہرہ کرکے دھاندلی کے الزامات کیلئے پہلے ہی سے تیار ہوچکی ہے۔
انتخابات کو متنازعہ بنانے کیلئے پہلے سے تیار طاقتیں پولنگ کے موقع پر بڑی شر پسندی کا مظاہرہ کرسکتی ہیں اسلئے کراچی کے شہریوں کو ہرقسم کی شر پسندی ‘ دہشت گردی اور قتل و غارت سے محفوظ بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس فریضے میں ناکامی کراچی کے مستقبل کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔