کراچی : دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، اسلحہ سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس نے دہشت گردی کی ممکنہ کارروائی ناکام بنا دی۔ پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران سپر ہائی وے سے اسلحے سے بھرا ٹرک تحویل میں لے لیا۔ کارروائی میں 2 ملزمان بھی دھر لئے گئے۔ سہراب گوٹھ کے قریب سپر ہائی وے پر پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک ٹرک کو تحویل میں لیا۔ تلاشی لینے پر ٹرک کے خفیہ خانوں سے بڑی تعداد میں جدید ترین اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

ٹرک سے برآمد ہونے والے اسلحے میں ایس ایم جیز، ایل ایم جیز، شارٹ گن، رائفلز ، اور گولیاں شامل ہیں۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور اور اسکے ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ساوتھ ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک اور یوم علی کے کیلئے دہشت گردی کے لیے اسلحہ منگوایا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں تخریب کاری کے لیے اسلحہ کالعدم تنظیموں تک پہنچایا جاتا ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار کئے جانے والے دونوں ملزموں سے ان کے ساتھیوں اور نیٹ ورک کے حوالے سے بھی تفتیش شروع کر دی ہے۔