کراچی (جیوڈیسک) آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ 2015 کے دوران شہر میں مختلف کارروائیوں کے دوران 3 ہزار 286 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
کراچی میں گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں مختلف کارروائیوں اور واقعات میں شہید پولیس اہلکاروں کو امدادی رقم کے چیکس کی تقسیم کئے گئے، جس کے مہمان خصوصی آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی تھے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کو مجموعی طور پر 11 کروڑ 80 لاکھ روہے کے امدادی چیکس تقسیم کئے۔
تقریب کے دوران آئی جی سندھ نے کہا کہ شہر میں امن کے لئے پولیس نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ صورت حال میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں تبدیلیاں کر کے جدت لائی جا رہی ہے، 2015 کے دوران شہر میں جرائم پیشہ افراد ، ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں سے پولیس کے 3 ہزار 285 مقابلے ہوئے ۔ جس میں مجموعی طور پر 5 ہزار 563 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ جن میں 3 ہزار 286 دہشت گرد اور 2 ہزار 3 سو 35 جرائم پیشہ افراد شامل ہیں۔