کر (جیوڈیسک) اچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گردی کم نہیں ہوئی، دہشت گردوں نے ایک ہی دن میں 17 افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دیئے، لیاری میں باپ اور دو بیٹے جبکہ گلستان جوہر میں تین افراد قتل کر دیئے گئے۔ کراچی میں دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرز ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگئے ہیں۔ کورنگی میں ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ شاہ فیصل کالونی میں بھی ایک شخص فائرنگ کا نشانہ بنا۔
خواجہ اجمیر نگری تھانے کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سی فور میں مسلح موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کر کے سید حسن جواداور ان کے ڈرائیور مجیب کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول حسن جواد مسجد و امام بارگاہ آل محمد کے ٹرسٹی اور پلازہ کے مالک تھے۔ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ نمبر دومیں جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے باپ اور دو بیٹوں کو قتل کر دیا۔
جن کی شناخت عبدالشکور، عابد اور زاہد کے نام سے کر لی گئی۔ ماڑی پور پرانا ٹرک اڈے کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ یونیورسٹی روڈ پر جامعہ کراچی کے گیٹ پر فائرنگ سے چالیس سالہ سلیم راحت جاں بحق ہوا۔ پیرآباد کے علاقے اورنگی ٹان نمبر چار میں مزار کے قریب ٹیکسی پر فائرنگ سے یاسر نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ گلستان جوہر بلاک سترہ میں ایک گاڑی سے تین افراد کی بوری بند لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق گاڑی نجی ٹیکسٹائل کمپنی کی ملکیت ہے اور تینوں مقتولین کو شدید تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔