لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کراچی ایئر پورٹ پر حملے اور دہشتگردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی اس وقت ملک دشمن طالبان دہشتگردوں کے نرغے میں ہے، خدارا اب مزید کسی اور بڑے حملے کا انتظار نہ کیا جائے۔ ایم کیوایم مسلح افواج اور عسکری اداروں کیساتھ ہر قسم کے تعاون کیلیے تیار ہے، دہشتگردوں کی بیخ کنی نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے امن واستحکام کیلیے بھی لازمی ہے۔
پاکستان اور لندن کے ہنگامی اجلاس میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے، اگر اسے بچایا نہ گیا تو قومی اثاثوں کی سلامتی کے لئے سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ قومی اثاثوں، عوام کی جان، املاک اور کراچی کو بچانے کے لئے سخت فیصلے کیے جائیں، رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ حساس مقامات کے اطراف کے علاقوں، افغان بستیوں کو فی الفور سرچ کیا جائے۔
وہ علاقے جو طالبان کے گڑھ ہیں انہیں فی الفور سرچ کیاجائے اور معلوم کیا جائے کہ ان علاقوں میں کون لوگ مقیم ہیں، کراچی میں باہر سے آنے والوں کو چیک کیا جائے۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی غیر قانونی بستیوں کا خاتمہ کیا جائے۔