کراچی: دہشت گردوں سے مقابلے میں 1 اہلکار شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) یوم عاشور پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ گلشن بونیر میں رینجرز سے مقابلے میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد ہلاک اور ایک رینجرز اہلکار شہید ہو گیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں دستی بم اور اسلحہ بر آمد کر لیا گیا ہے۔

حساس اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ گلشن بونیر میں چھپے دہشت گرد یوم عاشور کے موقع پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس پر رینجرز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے آپریشن کیا. دوران آپریشن دہشت گردوں نے رینجرز پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

رینجرز کی جوابی فائرنگ سے تحریک طالبان پاکستان کے تین دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک رینجرز اہلکار شہید ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے بعد دہشت گرد ہلاک ہونے والے ساتھی کی لاش چھوڑ کر بھاگ گئے۔

رینجرز کے جوانوں نے علاقے کو گھیر رکھا ہے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں دستی بم اور اسلحہ برامد کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے دس محرم کے جلوس کو نشانہ بنانا تھا۔