کراچی (جیوڈیسک) مشہور کامیڈین عمر شریف نے کہا کہ کراچی میں کمرشل تھیٹر کا نہ ہونا المیہ ہے۔
عمر شریف کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کیونکہ اس تھیٹر کو ہم سب نے مل کر دنیا میں منوایا، میں اپنے اسپتال ’’ماں ‘‘ کے سلسلے میں بہت زیادہ مصروف رہا جو ان دنوں تعمیر کے مراحل میں ہے جس کی وجہ سے اسٹیج ڈراموں کو وقت نہ دے سکا۔
لیکن موجودہ صورتحال اب حد سے زیادہ تشویشناک دکھائی دیتی ہے ہمیں سنجیدگی سے تھیٹر کو اس کی پرانی شکل میں لانا ہوگا۔
انھوں نے کہا کراچی تھیٹر سے شہرت حاصل کرنے والے فنکاروں سے بھی کہوں گا کہ وہ ماضی کی طرح کراچی میں ہونے والے ڈراموں کی رونقیں واپس لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انھوں نے کہا پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کے بعد اچھی اور معیاری فلموں کا بننا خوش آئند ہے میں بھی جلد ایک فلم شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔