کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں تفریح کے وسائل محدود ہیں ایسے میں حکومت بھی تفریح کے لئے فنڈز فراہم کرنے میں اکثر تاخیر کر دیتی ہے، جس سے بسا اوقات بڑے پیمانے پر اعلان کردہ تقریبات بھی ملتوی کرنا پڑتی ہیں۔
کراچی میں آرٹس کونسل کے تحت ہونے والےتھیٹر فیسٹیول کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔
کونسل کے جنرل سیکریٹری احمد شاہ نے بتایا کہ تھیڑ فیسٹیول کا آغاز 22 جولائی سے ہونا تھا۔ لیکن، انٹرنیشنل فنڈنگ موصول ہونے میں تاخیر ہوگئی ہے جس کے باعث فیسٹیول کو ملتوی کرنا پڑا۔
کونسل کی ایک اور عہدیدار، روزینہ رشید نے بتایا کہ گرانٹ ملنے کے بعد فیسٹیول شاید اگست کے آخر میں منعقد ہو سکے۔ تاہم، ابھی حتمی تاریخوں سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
تھیٹر فیسٹول کے شیڈول کے مطابق، 17 روز تک جاری رہنے والے فیسٹول میں پاکستان کے شہرہٴ آفاق رائٹر، انور مقصود اور نامور اداکار و ڈائریکٹر ضیا محی الدین کے ڈرامے پیش کئے جانے تھے۔
انتظار حسین کے خوابوں کے مسافر ضیا محی الدین پیش کرتے، جبکہ انور مقصود کا سیاچن بھی فیسٹول کا حصہ ہوتا۔
کچھ اور ڈرامے بھی اس فیسٹیول میں پیش ہونا تھے جن میں ‘تحریک نسواں‘ کا ’منٹو میرا دوست‘، ’جنہاں نے لہور نئیں ویکھیا‘ اور ’گڑیا گھر‘ شامل ہیں۔