کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں گرج چمک کے ساتھ شدید موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں کراچی بھر میں اچانک گرج چمک سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو کہ گزشتہ ایک گھنٹے سے جاری ہے۔
بارش کے باعث اولڈ سٹی ایریا، ڈیفنس، آئی آئی چندریگر، ناظم آباد، اسٹیل ٹان، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور شاہراہ فیصل اور یونیورسٹی روڈ شہر کے بیشتر علاقوں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں جبکہ متعدد گاڑیاں بھی روڈوں پر بند ہو گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لانڈھی میں 53 ملی میٹر، ناظم آباد 42 اور ایئرپورٹ 26 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ رات گئے اور صبح کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہوگیا اور گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔
شہریوں نے موسم کی تبدیلی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ کچھ علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے۔