کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ہلکی ومعتدل بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم شہر کے مختلف مقامات پر برساتی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سندھ میں دوسرا مون سون سسٹم داخل ہوچکا ہے جس کے تحت اندرون سندھ موسلادھار بارشیں شروع ہوچکی ہیں جبکہ کراچی میں پیر سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اتوار کو شہر میں ہلکی ومعتدل بارش ہوئی ، سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں ہوئی جہاں 17ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بیس فیصل پر6ملی میٹر، پہلوان گوٹھ میں3.6، پی اے ایف بیس مسرور 2ملی میٹر، یونیورسٹی روڈپر 7ملی میٹر اور نارتھ کراچی میں 4ملی میٹر بارش ہوئی، بارش کے بعد سڑکوں، گلیوں اور مختلف مقامات پر برساتی پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میٹرولوجسٹ عبدالرشید نے بتایا کہ دوسرا مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہوچکا ہے جس کے تحت مٹھی، سکھر، نواب شاہ اور دیگر علاقوں میں موسلادھار اور معتدل بارش ہوئی، پیرسے جمعرات تک کراچی اور اندرون سندھ میں وقفے وقفے سے موسلادھار اور معتدل بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سید سلمان شاہ نے کہا کہ کراچی میں شدید بارشوںکے پیش نظرپی ڈی ایم اے نے ضلع انتظامیہ کو اربن فلڈنگ کی الرٹ جاری کردی ہے، نشیبی علاقوں کے مکین شدید بارشوں سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ گڈو بیراج اور سکھر بیراج میں سیلابی صورت حال کی مکمل نگرانی کر رہی ہے۔