کراچی میں آج بھی 9 افراد زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات کا تھمنے والا سلسلہ جاری ہے، تشدد زدہ لاشیں ملنا، ٹارگٹ کلنگ اب روشنیوں کے شہر کے لیے معمول بن چکا ہے۔ بدھ کو خونریزی کے مختلف واقعات میں 9 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ گولیمار نمبر ایک میں دکان پر فائرنگ کر کے اختر نامی دکاندار کو قتل کر دیا گیا، بلدیہ ٹاون سیکٹر 19 ڈی میں فائرنگ کر کے صادق نامی نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

شارع فیصل پر وائر لیس گیٹ کے قریب فائرنگ کر کے کلام کو قتل کردیا گیا، لائنز ایریا میں قصائی چوک کے قریب فائرنگ کر کے خرم کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔ کورنگی کراسنگ کے قریب فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کردیا گیا جس کی شناخت نہیں ہو پائی۔ ملیر میں جامعہ ملیہ سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی جس کی شناخت محمد بخش کے نام سے ہوئی۔

پاک کالونی سے 2 جبکہ میوہ شاہ قبرستان سے تین افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی جن کی شناخت نہیں ہو پائی۔ سرجانی ٹاون میں عبداللہ موڑ کے قریب ٹریفک پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کرکے دو اہلکاروں کو زخمی کردیا۔